اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

وزیراعظم آفس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ملاقات کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیتے ہوئے عالمی سطح پر تنازعات کے خاتمے کے لیے ان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاک بھارت سیز فائر میں صدر ٹرمپ کے جرات مندانہ اور فیصلہ کن کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس اقدام سے جنوبی ایشیا میں ایک بڑے سانحے کو ٹالنے میں مدد ملی۔

غزہ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، جس میں وزیراعظم نے جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے بالخصوص مسلم رہنماؤں کے ساتھ نیویارک میں ہونے والی مشاورت کو امن کے قیام کے لیے ایک مثبت اور جامع اقدام قرار دیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو زراعت، آئی ٹی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی سلامتی اور انسداد دہشت گردی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کی توثیق پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اور سکیورٹی و انٹیلیجنس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ آخر میں وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔