اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج وائٹ ہاؤس میں باضابطہ ملاقات ہوگی، جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس نے بھی کر دی ہے۔ ملاقات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے اوول آفس میں ہوگی، جس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اعلیٰ سطحی وفد بھی شریک ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، انسداد دہشت گردی، افغانستان کی صورتحال اور خطے کے دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے دوبارہ نیویارک روانہ ہوں گے، جہاں وہ جمعہ کے روز خطاب کریں گے۔

اس سے قبل نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ٹرمپ کی غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے بے تکلف انداز میں بات چیت کی۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم سے ہاتھ ملاتے ہوئے طویل گفتگو کی اور اختتام پر “تھمبز اپ” کا اشارہ دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا میں قیام کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی سربراہی میں ترقیاتی اقدامات سے متعلق اجلاس میں شرکت کی اور ان سے غیر رسمی گفتگو کی۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس، آسٹریا کے چانسلر، کویت کے ولی عہد اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، دفاعی تعاون، تجارت اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔