اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں مستقبل میں فٹبال کے فروغ اور تکنیکی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے کی جبکہ نائب صدر ذکا اللہ، قائم مقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر اور بین الاقوامی تعلقات و ڈویلپمنٹ کے سربراہ عمیر اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اے ایف سی کے جنرل سیکریٹری داتوک سیری ونڈسر جون نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر اے ایف سی کے دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان میں فٹبال کے انفراسٹرکچر کی بہتری، تکنیکی ترقی اور طویل المدتی تعاون کے پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ:
“اے ایف سی صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کا پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے عزم خوش آئند ہے۔”

اے ایف سی صدر نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں فٹبال کو نئے عروج تک لے جانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔