اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
اٹلی کے شہر اوترانتو کی بندرگاہ سے فلسطین کے لیے امدادی جہاز “کانشس” (Conscience) دوبارہ روانہ ہو گیا۔ جہاز پر سوار پرو فلسطین کارکنان نے مشہور انقلابی ترانہ “بیلا چاؤ” گاتے ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے روانگی کی۔ جہاز پر فلسطینی پرچم بھی لہرایا گیا جبکہ کارکنان نے “فری فری فلسطین” کے نعرے بھی لگائے۔
یہ وہی جہاز ہے جسے مئی میں مالٹا کے قریب سمندر میں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں جہاز کے اگلے حصے کو نقصان اور آگ لگ گئی تھی۔ امدادی قافلے فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے اس حملے کا الزام اسرائیل پر لگایا تھا۔
ترک رکن پارلیمان سلمہ سلکِن اُن نے منگل کے روز اس کی تازہ ویڈیوز شیئر کیں۔ فلوٹیلا اتحاد کے مطابق، اس قافلے میں 40 سے زائد کشتیاں شامل ہیں جن پر ارکان پارلیمان، وکلا، کارکنان اور ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی موجود ہیں۔ ان کا مقصد اسرائیلی ناکہ بندی توڑ کر غزہ تک امداد پہنچانا ہے۔
ادھر اٹلی اور اسپین نے اپنے بحری جہاز قافلے کی مدد کے لیے بھیجے ہیں، تاہم اٹلی کی وزارت دفاع کے مطابق اس کا فریگیٹ اس وقت واپس لوٹ آئے گا جب قافلہ 150 بحری میل کے فاصلے پر پہنچے گا۔ اس کے باوجود کارکنان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی صورت مشن ترک نہیں کریں گے۔