اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں لندن کے میئر سر صادق خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہیں “خطرناک میئر” قرار دیا اور الزام لگایا کہ وہ لندن میں شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ غیر قانونی تارکین نے یورپ پر ہلہ بول دیا ہے اور لندن اپنی پہچان کھو چکا ہے۔

جوابی ردعمل میں میئر لندن صادق خان نے ٹرمپ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے میں ٹرمپ کے دماغ میں “بغیر کرائے کے رہ رہا ہوں”۔ صادق خان نے کہا کہ ٹرمپ کی سوچ نسل پرستانہ، اسلام مخالف اور خواتین دشمن ہے جو ان کی شخصیت کی اصل تصویر پیش کرتی ہے۔

میئر لندن کے ترجمان نے بھی وضاحت کی کہ لندن امریکا کے بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ ہے اور امریکیوں کی ریکارڈ تعداد لندن منتقل ہو رہی ہے۔

برطانوی لیبر رہنماؤں نے بھی صادق خان کی حمایت میں آواز بلند کی۔ ایم پی روپا حق نے ٹرمپ کے بیانات کو “کھلا جھوٹ” کہا جبکہ ایم پی روزینہ خان نے امریکی سفیر کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔