اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

ترکیہ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر عبدالقادر یورالوغلو کو تیز رفتاری پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک وزیر نے اپنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جس میں انہیں انقرہ-نیڈے ہائی وے پر تقریباً 225 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔

یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی جس پر ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وزیر پر 9,267 ترک لیرا (225 ڈالرز) کا جرمانہ عائد کیا۔

عبدالقادر یورالوغلو نے بعد میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جرمانے کی تصویر بھی شیئر کی اور اعتراف کیا کہ انہوں نے رفتار کی حد سے تجاوز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ:
“میں نے انقرہ-نیڈے ہائی وے کا جائزہ لینے کے دوران غلطی سے رفتار کی حد سے تجاوز کیا، جس پر معذرت خواہ ہوں۔”

واضح رہے کہ ترکیہ میں ہائی ویز پر زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 140 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ وزیر کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر سخت تنقید اور طنز کی لہر دوڑا دی، کیونکہ ایک ایسا وزیر جو ٹریفک قوانین کا ذمہ دار ہے، خود ہی ان کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا۔