اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

 بھارتی زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں جمعرات کی صبح اچانک موسلا دھار بارش اور بادل پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق حادثہ چھاسوتی ٹاؤن میں اس وقت پیش آیا جب یاتریوں کا ایک بڑا گروہ مقامی کیمپ میں موجود تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق تیز بارش کے باعث کمیونٹی کچن اور سکیورٹی پوسٹ پانی میں بہہ گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ درجنوں یاتری دوپہر کے کھانے کے لیے جمع تھے کہ اچانک پانی کے ریلے نے سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

کشتواڑ کے ڈویژنل کمشنر رامیش کمار کے مطابق فوج، فضائیہ اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

موسمیات کے محکمے کے مطابق بادل پھٹنے کا مطلب ایک گھنٹے میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہے، جو پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بنتی ہے۔ سری نگر کے مقامی محکمہ موسمیات نے مزید شدید بارشوں اور فلیش فلڈز کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو غیر محفوظ ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں اور پرانے درختوں سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔