اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

جاپان کے شہر یوکوہاما میں پیر 4 اگست کو ایک مقامی فیسٹیول کے دوران آتشبازی کے شو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دو لانچ بارجز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس اور کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق یہ بارجز آتشبازی چھوڑنے کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔

جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق، آتشبازی کے کچھ شعلے دو میں سے ایک بارج پر جا گرے، جس سے فوری طور پر آگ لگ گئی۔ واقعے کے وقت آٹھ میں سے دو بارجز متاثر ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق پانچ کارکن جو ان میں سے ایک بارج پر موجود تھے، اپنی جان بچانے کے لیے سمندر میں کود گئے۔ بعدازاں ریسکیو ٹیموں نے انہیں بحفاظت نکال لیا۔ ان میں سے ایک کارکن کو معمولی زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

فائر ڈیپارٹمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ تقریب کے منتظم نے پولیس کو بتایا کہ آتشبازی لانچ کرنے کا خودکار نظام اچانک بے قابو ہو گیا تھا، جس کے باعث شعلے بارجز پر جا گرے۔

یوکوہاما میں ہر سال منعقد ہونے والا یہ آتشبازی میلہ ہزاروں افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے، تاہم اس سال پیش آنے والے اس واقعے نے شرکاء اور منتظمین دونوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ حکام نے آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا عندیہ دے دیا۔