یونان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کیلئے زبردست سختی شروع۔۔۔ لیبیا سے یونان کے جزیرہ کریتی پر بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پر مزید نئے آنے والے تارکینِ وطن کو بند حراستی مراکز میں منتقل کر دیا گیا۔ یونانی پارلییمنٹ کے نئے قانون کے مطابق نہ مہمان خانے میں ٹہرایا گیا اور نہ ہی پناہ کی درخواست کا پوچھا گیا بلکہ سیدھا بند حراستی مراکر بھیج دیا گیا۔
یونان سے خالد مغل
گزشتہ ایک روز قبل یونان کے جنوبی جزیرہ کریتی پر لیبیا سے مزید 247 تارکینِ وطن غیر قانونی طور پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ تاہم یونانی پارلیمنٹ سے وزیرِ اعظم کے نئے احکامات کے مطابق ان تمام تارکینِ وطن کو غیر قانونی طریقے سے یونان داخل ہونے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ان تمام تارکینِ وطن کو یونانی کوسٹ گارڈز نے سرچ اینڈ ریسکیو کوارڈینیشن سینٹر کے ایک آپریشن کے ذریعے مختلف مقامات سے بازیاب کیا ہے۔
247 غیر قانونی تارکینِ وطن کو پناہ دینے کے بجائے ایتھنز میں مہاجرین کے مختلف بند حراستی مراکز میں شناخت کیلئے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان مہاجرین میں سے انسانی اسمگلر کی بھی شناختی کاروائی کی جانے کے بعد انہیں ان کے ملک ڈیپورٹ کیا جائے گا۔
یونانی پارلیمنٹ کے نئے قانون کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ غیر قانونی طور پر آنے والے ان تمام تارکینِ وطن کو یونانی کوسٹ گارڈز نے حراست میں لینے کے بعد یونانی پولیس کے حوالے کیا ہے۔
ان تارکینِ وطن کا تعلق پاکستان، بنگلہ دیش، مصر اور مختلف افریقی ممالک سے ہے۔