صدر میکرون: مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کا وقت آ گیا ہے

اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کے بعد فرانس نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرلیا۔ اقوام متحدہ کانفرنس سے خطاب میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کا وعدہ دہائیوں سے ادھورا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار و منصفانہ امن قائم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ طاقت کے بجائے قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے اور غزہ جنگ کو فی الفور ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ میکرون نے عالمی برادری پر زور دیا کہ امن کے اس موقع کو ضائع نہ کیا جائے۔ انہوں نے غزہ میں جاری جنگ کو ناقابلِ جواز قرار دیتے ہوئے حماس سے مطالبہ کیا کہ باقی 48 مغویوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ دوسری جانب حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط میں 60 روزہ جنگ بندی کے بدلے نصف یرغمالیوں کی رہائی کی پیشکش کی ہے جسے خطے میں پائیدار امن کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔