یونان (خالد مغل) ایتھنز کے مرکز پلاتیہ کوجیا میں ہر سال کی طرح پاکستان کمیونٹی یونان (اتحاد) نے یومِ آزادی پاکستان 14 اگست کے موقع پر جشنِ آزادی میلہ منعقد کیا جس میں سینکڑوں پاکستانی خواتین، مرد اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس سعادت علامہ الیاس گولڑوی نے حاصل کی۔ جس کے بعد یونان کے معروف نعت و منقبت خوان محمد افضال سے آپ ﷺ کے حضور گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

جس کے بعد باقاعدہ پرچم کشائی کی گئی، سینکڑوں محبِ وطن پاکستانیوں نے نعروں کے ذریعے پاکستانی پرچم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں اُردو اسکول کے طلباء کا ملی جوش و خروش دیدنی تھا جنہوں نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر اسٹیج پر بہترین ٹیبلو پیش کئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

بچوں اور بچیوں نے پُرجوش انداز میں تقاریر کے بعد ماحول کو گرما دیا اور ہر عمر کے فرد نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر انہیں خوب داد دی۔

یونان کے معاروف گلوکار استاد باقر چغتائی نے ملی نغمے اور صوفیانہ کلام پیش کئے تو نوجوانوں نے قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خوب بھنگڑے ڈالے۔

جشنِ یومِ آزادی پاکستان کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا اور آزادی میلے میں پاکستان کے لذیذ کھانوں کے اسٹال بھی لگائے گئے جس نے پاکستان کی یاد تازہ کر دی۔

تقریب کے اختتام پر مقابلہ جیتنے والوں میں نعقد انعامات تقسیم کئے گئے اور قرعہ اندازی کے ذریعے آزادی میلے میں آنے والے افراد کو درجنوں انعامات دیئے گئے۔

یومِ جشنِ آزادی پاکستان کے اس میلے میں نہ صرف ایتھنز بلکہ یونان کے دور دراز علاقوں سے بھی سینکڑوں افراد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور ان کی آمد کیلئے خصوصی بسوں کا بھی بندوبست کیا گیا۔

تصویری جھلکیاں:

   

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *