اوسلو (اسپیشل رپورٹر) — سینیٹ آف پاکستان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے 27 سے 28 اگست 2025 تک ناروے کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا۔ یہ دورہ ان کے اس تین ملکی اسکینڈینیوینیا ٹور کا حصہ تھا جس کا مقصد پاکستان کے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

اوسلو آمد پر ناروے میں تعینات پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے ان کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر ناروے کے نائب وزیر صحت و نگہداشت خدمات عثمان مشتاق، قائم مقام امریکی سفیر ایرک مائر، سابق نارویجن ارکان پارلیمنٹ اور پاکستانی نژاد سیاستدانوں سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے نارویجن ہم منصبوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے دیرینہ مثبت تعلقات کو سراہا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ناروے میں آباد کثیر النسلی پاکستانی کمیونٹی کے تعمیری کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی اور تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

امریکی قائم مقام سفیر ایرک مائر سے ملاقات میں سینیٹر صدیقی نے پاکستان اور امریکہ کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایرک مائر، جو حال ہی میں امریکی محکمہ خارجہ میں جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے سینئر مشیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، نے رواں برس اسلام آباد میں منعقدہ ’کرٹیکل منرل کانفرنس‘ کے دوران اپنے پاکستان کے دورے کو خوشگوار یاد قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پاک-امریکہ تعلقات کثیرالجہتی شراکت داری کی بنیاد پر مزید فروغ پائیں گے۔