انٹرنیشنل ایبیلمپکس 2025 ماسکو: پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا ۔ مقابلے روس کی برتری کے ساتھ اختتام پذیر
        انٹرنیشنل ایبیلمپکس 2025 ماسکومیں پاکستان کے زین العابدین انصاری نے کانسی کا تمغہ جیت لیا جبکہ انٹرنیشنل ایبیلمپکس 2025 ماسکو کے مقابلے روس کی برتری کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔
معذور افراد کی دستکاری کے مقابلوں کے منفرد پروگرام انٹرنیشنل ایبیلمپکس کی تین روزہ تقریبات دو نومبر کو ماسکو کے قومی مرکز میں شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہو گئ۔
ان مقابلوں میں بارہ ممالک کے ہزاروں مرد و خواتین شرکاء نے مختلف صنعتی و دستکاری کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
مجموعی طور پر اول پوزیشن روس، دوم قطر، سوم آذر بائیجان کی ٹیموں نے حاصل کی۔
پاکستانی دستے کی پہلی بار شرکت کے باوجود سلائی کے مقابلے میں بارہ شرکاء میں زین العابدین انصاری نے سوم پوزیشن حاصل کر کے کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
جبکہ کنیز سیدہ اقبال ، سجاد خان اور سید عادل حسین کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔
پاکستانی وفد میں شامل یوگا چاریہ ڈاکٹر وسیم طائ، سید سخاوت علی اور سینسی ظہور احمد نے خصوصی سیشن میں معذور افراد میں صحت کے مسائل کے حل میں یوگا کی مشقوں کی افادیت کے بارے میں نظریاتی اور عملی تربیت فراہم کی، جسے تمام شرکاء نے خوب سراہا۔
سید عادل حسین نے معذور افراد کی بحالی اور مالی خود انحصاری پر لیکچر دیا۔ بعد ازاں سجاد خان اور زین العابدین انصاری نے وہیل چیئر باسکٹ بال کے نمائشی میچ میں بھی حصہ لیا۔
تقریب کے اختتام پر مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان کو اجرک اور دیگر تحائف پیش کیے گئے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
  
 
 
 
     
  
 

 