تحریر: (محمد زنیر)

ناروے کی سیاست ایک نئے موڑ پر پہنچ چکی ہے، جہاں سینٹر پارٹی اور آربائیدر پارٹی پر مشتمل دو جماعتی مخلوط حکومت 30 جنوری 2025 کو اختتام پذیر ہو گئی۔ اس سیاسی بحران کی بنیادی وجہ یورپی یونین کی توانائی سے متعلق نئی ہدایات بنیں، جنہیں لیبر پارٹی کے وزیر توانائی نے حکومت کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا تھا۔ سینٹر پارٹی نے ان ہدایات کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی، جس کے نتیجے میں یہ مخلوط حکومت ختم ہو گئی۔

ناروے میں اس وقت کون حکومت میں ہے؟

حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں ایک عبوری انتظامیہ کام کر رہی ہے، جس میں لیبرپارٹی اقلیتی حکومت کے طور پر برقرار ہے، تاہم نئے انتخابات تک سیاسی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔

جب تک کہ نئی حکومت کی تشکیل عمل میں نہیں آتی  تب تک عارضی طور پر، لیبر پارٹی محدود اختیارات کے ساتھ حکومتی معاملات چلا رہی ہے ۔

ناروے میں کتنی جماعتیں ہیں اورکون کس کا اتحادی ہے؟

ناروے میں کئی سیاسی جماعتیں موجود ہیں، جن میں اہم ترین درج ذیل ہیں:

آربائیدر پارٹی (Labour Party – Ap)

کنزرویٹیو پارٹی (Høyre – H)

سینٹر پارٹی (Senterpartiet – Sp)

پروگریس پارٹی (Fremskrittspartiet – FrP)

گرین پارٹی (Miljøpartiet De Grønne – MDG)

سوشلسٹ لیفٹ پارٹی (Sosialistisk Venstreparti – SV)

ریڈ پارٹی (Rødt)

کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی (Kristelig Folkeparti – KrF)

لبرل پارٹی  شامل ہیں  (Venstre – V)

ناروے میں گزشتہ عام انتخابات  تیرہ ستمبر 2021 کو ہوئے تھے۔ ان انتخابات میں لیبر پارٹی نے کامیابی

حاصل کی اور سنٹر پارٹی کے ساتھ مل کردو جماعتی مخلوط حکومت بنائی اور یوہانس گاہر ستورے ناروے کے چھتیسویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے جو تیس جنوری دو ہزار پچیس کو ختم ہوگئی۔

دو ہزار پچیس کے انتخابات میں ممکنہ اتحاد کون سے ہوسکتے ہیں ؟

آئندہ انتخابات میں مختلف جماعتوں کے درمیان نئے اتحاد بننے کی توقع کی جارہی ہے جس میں :

دائیں بازو کے اتحاد میں :

کنزرویٹیو پارٹی (Høyre – H)

پروگریس پارٹی (FrP)

کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی (KrF)

لبرل پارٹی شامل ہوسکتی ہیں۔

یہ اتحاد روایتی طور پر کاروبار دوست پالیسیوں اور سخت امیگریشن قوانین کا حامی ہے۔ جبکہ

بائیں بازو کے اتحاد میں :

لیبر پارٹی (Ap)

سوشلسٹ لیفٹ پارٹی (SV)

ریڈ پارٹی (Rødt)

گرین پارٹی (MDG) شامل ہوسکتی ہیں۔

یہ اتحاد ماحولیاتی اصلاحات، سماجی فلاحی منصوبوں، اور ترقی پسند پالیسیوں کی حمایت کرتا ہے

نئے انتخابات میں سینٹر پارٹی کا ممکنہ کردار کیا ہوسکتا ہے

سینٹر پارٹی نے حالیہ حکومت سے علیحدگی اختیار کی ہے اور آئندہ انتخابات میں یہ کسی بھی اتحاد کا حصہ بن سکتی ہے۔ یہ جماعت دیہی علاقوں کی نمائندگی کرتی ہے اور کسانوں اور چھوٹے کاروباری اداروں کی حمایت کرتی ہے۔

ناروے کا سیاسی مستقبل کیا ہوگا؟

موجودہ سیاسی بحران نے ناروے کی سیاست میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ آئندہ انتخابات میں درج ذیل عوامل اہم کردار ادا کریں گے:

یورپی یونین کے توانائی ڈائریکٹو کی مخالفت یا حمایت انتخابات میں کلیدی مسئلہ رہے گی۔

ٹیکس اصلاحات، سماجی بہبود، اور اقتصادی ترقی پر مختلف جماعتوں کے موقف اہم ہوں گے۔

سخت امیگریشن قوانین اور ناروے کے یورپی یونین سے تعلقات پر بھی سیاسی جماعتیں تقسیم ہیں۔

ناروے میں 2025 کے انتخابات ملکی سیاست کا ایک نیا رخ متعین کریں گے۔ دائیں بازو کی جماعتیں اس وقت مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ بائیں بازو کی جماعتیں اپنی مقبولیت برقرار رکھنے کے لیے کوشش کر رہی ہیں۔ سینٹر پارٹی کا کردار فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ کسی بھی اتحاد کی حکومت سازی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

حتمی فیصلہ ناروے کے عوام کے ہاتھ میں ہے، جو جلد ہی اپنے حق رائے دہی کے ذریعے ملک کی سیاسی سمت کا تعین کریں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes