لاہور (اردو ٹریبون نیوز ڈیسک) — حکومتِ پنجاب نے لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں جاری میٹرو بس سروس اور اورنج لائن ٹرین کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل ادائیگی نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔
نئے نظام کے تحت مسافر اب روایتی ٹوکن یا ٹکٹ کی بجائے کارڈ، موبائل ایپ، اور بارکوڈ اسکینر کے ذریعے کرایہ ادا کر سکیں گے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف مسافروں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ کرایہ وصولی کے نظام میں شفافیت بھی ممکن ہو سکے گی۔
ٹی-کیش کارڈ کا اجرا
حکام کے مطابق ایک نیا “ٹی-کیش کارڈ” متعارف کرایا جائے گا، جسے صوبے بھر کی میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں استعمال کیا جا سکے گا۔ اس کارڈ کی بدولت مسافر باآسانی اپنی ادائیگی کر سکیں گے، جب کہ طلبہ کے لیے خصوصی رعایتی کارڈ بھی جاری کیا جائے گا۔
اجلاس میں دیگر فیصلے بی کیے گئے
- ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 5 سے 18 تک مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری۔
- الیکٹرک رکشہ کے منصوبے پر غور اور سفارشات کی طلبی۔
- موٹر سائیکل رکشہ کی جگہ متبادل سواریوں کے لیے منصوبہ بندی۔
- الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا آغاز اگست 2025 سے متوقع۔
- صوبے میں پہلی بار انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ایکسپو کے انعقاد کی منظوری۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’’ڈیجیٹل کرایہ نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک قدم ہے، جو شہریوں کو تیز، آسان اور شفاف سفری سہولت فراہم کرے گا۔‘‘