پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری نے ایران کی حالیہ عظیم فتح پر پاکستانی قوم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کو درپیش مشکل وقت میں پاکستان نے جس بھرپور یکجہتی اور حمایت کا مظاہرہ کیا، وہ قابل قدر ہے۔

ایرانی سفیر نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت تمام قومی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جس جرات مندانہ مؤقف اپنایا وہ قابل تحسین ہے۔

رضا امیری کا کہنا تھا کہ عظیم ایرانی قوم ایک باوقار اور فیصلہ کن فتح کا جشن منا رہی ہے، پاکستان نے ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا، ایرانی قوم پاکستان کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، یہ تاریخی فتح امت مسلمہ کیلئے فخر، حوصلے اور سچ کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایران کی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی فتح ہے۔ رضا امیری کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستانی عوام کی محبت اور یکجہتی کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔