رپورٹ: عامر لطیف بٹ، اوسلو ناروے
(اردو ٹریبون) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے سرگرم تنظیم حلقہ اربابِ ذوق ناروے کے زیر اہتمام پاکستان کے نامور دانشور، شاعر، ادیب، صحافی اور کالم نگار پروفیسر توفیق بٹ کے اعزاز میں ایک شاندار ادبی محفل کا انعقاد کیا گیا۔
میلہ ہاؤس اوسلو میں منعقد ہوئی، جس میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض حلقہ اربابِ ذوق ناروے کے جنرل سیکرٹری آفتاب وڑائچ نے نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیے۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی ناروے میں سفیرِ پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی تھیں، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اس کامیاب اور بامقصد ادبی تقریب کے انعقاد پر حلقہ اربابِ ذوق اور بالخصوص آفتاب وڑائچ صاحب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ناروے میں اردو زبان و ادب کی ایسی محفلیں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
تقریب میں ممتاز ادبی و سماجی شخصیات خالد سلیمی، مسعود انور، ارشد بٹ، ڈاکٹر سید ندیم، راجہ خرم اقبال سمیت اردو ادب سے محبت رکھنے والوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستان سے خصوصی طور پر تشریف لائے مہمانِ اعزاز پروفیسر توفیق بٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہ میرے لیے باعثِ افتخار ہے کہ ہزاروں میل دور ناروے میں اردو زبان و ادب کی ایسی شاندار محفل کا مشاہدہ کر رہا ہوں۔
یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یہاں کے اہلِ قلم اور باذوق حضرات ادب کے چراغ کو روشن رکھے ہوئے ہیں۔تقریب میں معزز مہمانوں نے پروفیسر توفیق بٹ کی علمی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا،
اور اردو زبان کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ یہ محفل نہ صرف اردو زبان سے محبت رکھنے والوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی بلکہ ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ادبی ذوق کی بھرپور عکاسی بھی کرتی ہے۔